اتحاد بین المسلمین اور مستضعفین کی حمایت | ||
چیزوں کو نابود کرنا انہیں تعمیر کرنے سے کہیں زیادہ آسان ہے، بہت سی قوتیں ایسی ہیں جو نابودی پھیلانے میں تو بہت پھرتی کا مظاہرہ کرتی ہیں لیکن جب تعمیر و ترقی کی باری آتی ہے تو ان سے کچھ بن نہیں پڑتا، تعمیر و ترقی کا مرحلہ انتہائی اہم اور حساس مرحلہ ہوتا ہے اور آج جن عرب ممالک میں انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہو چکا ہے وہ اسی مرحلے سے دچار ہیں امام خمینی رہ نے جو عالم اسلام کو تشکیل ،تعمیر و ترقی کی نئی سوچ دی اس کی سحر انگیز تاثیر کے نتیجے میں اسلام کی طرف بازگشت کی ایک عالمی تحریک پیدا ہوئی اور ایسے جدید دور کا آغاز ہوا ہےکہ جس میں اسلام اپنی جامعیت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ مشرق سے لیکر مغرب تک اسلام اپنی عقلی، منطقی اور فطری بنیادوں کی وجہ سے خاص و عام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور صدیوں کی دفاعی پوزیشن سے باہر آ کر مغرب کے خود ساختہ نظام اقتدار کو للکار رہا ہے اور کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے۔ مغرب ممالک میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابسطہ افراد کا اسلام کے دامن میں پناہ لینا اس بات کا بیّن ثبوت ہے کہ مغربی تمدن اسلام کے سامنے ہتھیار ڈال رہا ہے، یہ دور در حقیقت امام خمینی رہ کا دور ہے، دنیا میں فکر خمینی رہ کو احیاء کرنے کا دور ہے، الہی و روحانیت و معنویت کے غلبے کا دور ہے دنیا کو سیاست کی نئی سبیل سے آشنا کرنے والے، مادی تصور کائنات کے بجائے روحانی تصور کائنات کی بنیاد پر حکومت تشکیل دینے والے، مجاہد فی سبیل اللہ، فرزند شہید و پدر شہید امام خمینی رہ کتابوں کی دنیا سے نکل کر باہر آجانے والی اسلامی تعلیمات کا سَچّااور سُچّا پیکر ہیں۔ بیداری اسلامی کی بڑھتی ہوئی لہر جو یکے بعد دیگرے بڑے بڑے بتوں کو گرائے چلی جاتی ہے امام خمینی رہ کے نفس گرم سے پھوٹی ہے۔کسی نے خوب کہا تھا فرزند ابراہیم ع کے کندھے پر کلہاڑا آج بھی باقی ہے۔ وہ ہر مرحلے پر ایک بڑے بت کو توڑ کر کلہاڑا پھر اپنے کندھے پر رکھ لیتا ہے۔ خمینی بت شکن ”قدم آگے ہی بڑھا رہا ہے، تھکا نہیں ہے، وہ تازہ دم ہے۔“ وہ زندہ و پائندہ ہے کیونکہ اسکی سوچ،فکر اور عملی کام آج بھی زندہ ہے۔ حضرت امام خمینی رہ نے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے عوام کے اندر دینی جذبہ پیدا کیا۔امام خمینی رہ نے اتحاد بین المسلمین اور مستصعفین کی حمایت میں بہت کام کیا اور اس سلسلے میں ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے کیونکہ یہ ان کیلئے ایک عقیدتی مسئلہ تھا اور کوئی بھی دوسرا شخص انکی جگہ ہوتا جس کیلئے اپنے ذاتی مفادات اہم ہوتے تو وہ مغربی دنیا کے آگے سر تسلیم خم کر لیتابلا شبہ امام خمینی رہ ایک عظیم مجتہد، فلاسفر، عارف ، اسلامی مفکر اور فقہ و اصول میں فقاہت واجتہاد کے بلند ترین درجے پر پہنچنے والے نابغہ روزگار فردتھے۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای: نے کیا خوب کہا ہے "آج کے بعد دنیا گلستانِ خمینی کی بہاروں کا نظارہ کرے گی"۔
ایڈیٹر
| ||
Statistics View: 2,091 |
||