دستکاری کی بین الاقوامی نمائش | ||
![]() | ||
اکوثقافتی مرکز (ICO) کی طرف سے ایران کے صوبہ شمالی خراسان کے تاریخی شہر بجنورد میں دستکاری کی بین الاقوامی دستکاری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں ای سی او ( ایکو ) کے رکن ممالک نے شرکت کی ۔ نیشنل پارک جو بجنورد میں چار ہزار آٹھ سو اسی مربع میٹر پر محیط یہ نمائش قائم ہے-رپورٹ کے مطابق ، ایران ، تاجکستان ، ترکی ، افغانستان ، پاکستان ، ترکمانستان ، آذربائیجان ، عراق، گرجستان اور جارجیا کے 33 فنکاروں نے اپنے اپنے قیمتی اور نایاب فن پاروں کے ساتھ شرکت کی ۔ ان فن پاروں میں چمڑے ، زیورات ، برتنوں پر کام کے علاوہ کپڑے پر گلدوزی کے نمونے شامل تھے۔ نمائش میں خطاطی، پرنٹنگ ، مجسمہ سازی ، روایتی لباس ، سلائی کڑھائی کے نمونے رکھے گئےتھے جس کو لوگوں نے بہت پسند کیا- پاکستان کی طرف سے لوک ورثہ اسلام آباد کی طرف سے چار فنکاروں نے اپنے اپنے قیمتی اور نایاب فن پاروں کے ساتھ شرکت کی جس کے فن کو لوگوں نے بہت سراہا۔ پاکستان کے ان فنکاروں میں محمد اقبال عظیم (چمڑے پر خطاطی) ، ذولفقارعلی غازی (کپڑوں پر کڑہائی) ، امیر بخش اور محترمه فرحت شاہد (لکڑی پر نقش و نگار ) شامل تھے- یہ نمائش 11 سے 17 ستمبر تک جاری رہی -صنایع دستی کی اس بین الاقوامی نمائش کا افتتاح اسلامی جمہوری ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے 11 ستمبر کو کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کی نمائشوں اور ثقافتی میلوں کے انعقاد سے ہمسایہ اسلامی ممالک کے درمیان فنون و ثقافت کے تبادلے کو بہت فروغ ملے گا ۔ دفتر روابط عمومی ای سی او ثقافتی مرکز کی اطلاع کے مطابق علاقائی ممالک کی اقتصادی کونسل ای سی او کے ثقافتی مرکز کے تعاون سے ایران کے صوبے خراسان شمالی کے تاریخی شہر بجنورد میں منعقد ہونے والی صنایع دستی کی بین الاقوامی نمائش کا لوگوں نے پر جوش استقبال کیا۔ لوک ورثہ اسلام آباد پاکستان کا ثقافتی خزانہ ہے۔ یہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں شکرپڑیاں کی سیر گاہ کے ساتھ واقع ہے جہاں پاکستان کے تمام علاقوں سے رہنے سہنے سے متعلقہ تمام چیزیں یہاں بہترین طریقے سے نمائش کیے رکھی گئی ہیں۔ جس میں پاکستانی قوم کی تاریخ ، ادب ، ہنر اور ثقافت میں صدیوں سے موجود حسن اور زندگی کے جوش کو پیش کیا ہے۔ یہ میوزیم ایک پارک کے اندر واقع ہے۔ کھلے علاقے میں ایک تھیٹر اور لوک ثقافت سے متعلق چیزیں رکھی ہوئی ہیں۔ ثقافتی اشیاءسے متعلق کچھ دکانیں ہیں لیکن اصل میوزیم ایک بہت بڑی عمارت کے اندر واقع ہے، جس کے اندر مختلف کمروں میں پاکستان کے مختلف علاقوں کے بارے میں چیزیں رکھی ہوئی ہیں۔ اس عمارت کے اندر جانے کے لیے ٹکٹ لینا پڑتی ہے۔ لوک ورثہ میں میوزیم کی دیواروں کو پلستر اس انداز میں کیا گیا ہے جیسے دیہاتی گھروں میں مٹی میں توڑی ملا کر کمروں اور دیواروں کی لپائی کی جاتی ہے۔ لوک ورثہ میں سمعی اور بصری لائبریری بھی ہے، جس میں پاکستان کے مختلف علاقوں کی آوازوں کو محفوظ کر لیا گیا ہے۔ ثقافت پر کتابیں اور موسیقی کی اشیاء خریدی بھی جا سکتی ہیں۔ یہ میوزیم پاکستان اور پاکستانی عوام کی قدیم اور زندہ روایات کا امین ہے۔ براعظم ایشیاء کے اہم راستوں کے سنگھم پر واقع یہ میوزیم ثقافتی روابط، رہن سہن، لوک فنون اور علم الانسان کے حوالے سے پاکستان کی گونا گوں اجتماعی ثقافت کا آئینہ دار ہے۔ انسانی علوم سے متعلق تحقیقی و دستاویزی معلومات اور ثقافتی نوادرات کے اس میوزیم کی جڑیں قدیم ترین قومی ثقافت میں دور تک پھیلی ہوئی ہیں۔ اپنی طرز کا یہ میوزیم جدید دور میں علم الانسان اور قدیم روایات کے تسلسل اور ارتقاء کی معنی خیز مثال ہے۔ یہ میوزیم پاکستان کی تاریخی روایات کی ازسر نو دریافت اور جدید دور میں آثار اور تاریخ کے تسلسل کا عکاس ہے۔ اس میوزیم کے لیے نوادرات جمع کرنے کا سلسلہ 1974ء میں شروع کیا گیا تھا تاہم پاکستانی عوام کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس کا باقاعدہ افتتاح 2004ء میں کیا گیا۔ ان نواددرات کو اس طرح پیش کیا گیا ہے جس صورت میں وہ ہمیں ورثے میں ملے تھے۔ یہ میوزیم پاکستان کی بھرپور ثقافت کی عملی تصویر پیش کرتا ہے۔ اس کے جملہ عناصر پاکستانی عوام کی ثقافت اور مشترکہ شعور کا مظہر ہیں۔ اندرون ملک اور بیرون ملک سے آتے ہوئے لوگ اس میوزیم میں بےحد دلچسپی رکھتے ہیں اور پاکستان کے لوگوں کے رہن سہن کے متعلق اپنے علم میں اضافہ کرتے ہیں ۔ (بلاک پرنٹنگ) لکڑی کے بلاک کے ساتھ کپڑے پر چھپائی کے لیے پاکستان کے ان فنکاروں میں شامل امیر بخش اس فن میں مہارت رکھتے ہیں۔ بستر کی سوتی چادروں، کمبل ، رضائی اور لباس پر لکڑی کے بلوک کے ساتھ چھپائی کا فن برصغیر کا بہت قدیم ہنر ہے۔ صوبہ سرحد میں بھی یہ فن مشہور اور مقبول ہے- لاہور بلاک پرنٹنگ کے لئے سب سے بڑے کاروباری مراکز میں سے ایک ہے- اس فریم بلاکس پر جانوروں ، پرندوں ، پھولوں اور مغلیه دور کے نقش و نگار کندہ کیے جاتے ہیں جو آرائشی طرز کے رنگ کے مجموعے کی روایتی خصوصیات بیان کرتا ہے۔ کبھی کبھی سب سے بہترین بلاک پرنٹس پر برش سے پینٹ استعمال کیا جاتا ہے- بلاک پرنٹنگ کے روایتی طریقہ کار کے تمام جدید فن سے کام لیا جاتا ہے۔ بلاک کے لئے رنگوں کو منتخب کیا جاتا هے۔ رنگوں میں نیلا ، سرخ ، پیلے رنگ بنیادی رنگ ہیں جو قدرتی اجزاء ہلدی ، انار کی جلد اور جڑی بوٹیوں وغیرہ سے حاصل کیے جاتے ہیں۔ فن میں کافی وقت کی ضرورت ہے اور محنت ، لگن بھی درکار ہے. بلوک چھپائی کے بعد اس کو خشک کرنے کے لئے انتظار کیا جاتا هے۔ | ||
Statistics View: 3,936 |
||