رمضان، معنوی اور اخلاقی فضائل کا مہینہ | ||
رمضان، معنوی اور اخلاقی فضائل کا مہینہ رمضان المبارک کا مقدس اور مبارک مہینہ جس کے دن خدا تعالی کی اطاعت کی لذت سے لبریز اور اس کی راتیں خداۓ مہربان کی عبادت اور اس سے دعائیں مانگنے کے عطر سے معطر ہوتی ہیں۔ رمضان المبارک میں سحر کے نورانی لمحات ، افطار کے لطیف اور دلربا اوقات ، شبہاۓ قدر کی خلوص بھری عبادتیں ، ناداروں کی مدد اور ان کے ساتھ محبت کا سلوک اور دوسروں کو معاف کرنے کی لذت یہ تمام وہ معنوی امور ہیں جو ہم کو اس بابرکت مہینے میں میسر ہوتے ہیں۔ رمضان المبارک ایک بڑی تبدیلی کے لۓ ایک سنہری موقع ہے۔ یہ مہینہ اخلاقی فضائل سے مزین ہونے اور برائیوں کو اپنے آپ سے دور کرنے کی مشق کا مہینہ ہے ماہ رمضان میں روزہ، نماز، دعا و مناجات،بندگی و عبادات کا ایک خوبصورت گلدستہ ہمارے سامنے ہوتا ہے ماہ رمضان کو قرآن کے موسم بہار سے تعبیر کیا گیا ہے، اس مہینے میں دلوں میں لطافت، روح میں درخشندگی پیدا ہو جاتی ہے اور انسان رحمت پروردگار کی خاص وادی میں قدم رکھنے کے لائق بن جاتا ہے۔ اس مہینے میں ہر شخص اپنی استعداد کے مطابق ضیافت پروردگار سے استفادہ کرتا ہے۔انسان کی تمام بد بختیوں کی جڑ، نفسانی خواہشات کی پیروی اور ان کا اسیر ہو جانا ہے۔ جو بھی ظلم اور نا انصافی ہوتی ہے، جتنے فریب اور دھوکے دئے جاتے ہیں، تمام ظالمانہ جنگیں، بد عنوان حکومتیں یہ ساری کی ساری برائیاں نفسانی خواہشات کی پیروی کا نتیجہ ہے۔ اگر انسان اپنے نفس پر غالب آ جائے تو اسے نجات حاصل ہو جائے گی اور اس کے لئے بہترین موقع ماہ مبارک رمضان ہے اس ماہ مبارک میں ایک اہم دن جمعتہ الوداع بھی ہے اس دن دنیا بھر میں امام خمینی رح کے حکم پریوم قدس منایا جاتا ہے کیونکہ قبلہ اول بیت المقدس کی اسیری مسلمانوں کے سامنے تلخ حقائق میں سے ایک ہے ایک دینی ذمہ داری کے عنوان سے فلسطینی عوام کی حمایت ، دنیا کے تمام مسلمانوں پر واجب ہے یوم القدس فلسطینی قوم کے مقدس اور اسلامی کاز اور امنگ کا دن ہے اس مبارک اور مقدس مہینے میں فلسطینی عوام کی حمایت اورقبلہ اول کی آذادی کے لئیے صدائے احتجاج بلند کرنا خالق او ر مخلوق دونوں کی خوشنودی کا باعث بن سکتا ہے | ||
Statistics View: 2,301 |
||